تہران: ایران نے روس کو ڈرون فراہم کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایران نے پہلی بار تصدیق کی ہے کہ اس نے روس کو ڈرون فروخت کیے ہیں، لیکن ایران کا کہنا ہے کہ ڈرون یوکرین میں جنگ شروع ہونے سے ’مہینوں‘ پہلے دیے گئے تھے۔
ہفتہ کے روز تہران میں ایک تقریب کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے مغربی حکام کے ان دعوؤں کا تذکرہ کیا، کہ ماسکو کو یوکرین پر حملے کے لیے ایرانی ڈرون فراہم کیے گئے تھے اور زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل بھی دیے جا رہے ہیں۔
امیرعبداللہیان نے کہا کہ میزائل سے متعلق تبصرے مکمل طور پر غلط ہیں جب کہ ڈرون کے حوالے سے بات درست ہے، کیوں کہ ہم نے یوکرین کی جنگ سے مہینوں پہلے روس کو محدود تعداد میں ڈرون فراہم کیے تھے۔
خیال رہے کہ ایرانی حکام نے پہلے بھی متعدد مواقع پر کہا ہے کہ تہران کا روس کے ساتھ ’دفاعی‘ تعاون ہے، لیکن اس نے کریملن کو ’یوکرین کی جنگ میں استعمال ہونے کے مقصد سے‘ ہتھیار فراہم نہیں کیے۔
امیر عبداللہیان نے ہفتے کے روز اس بات کا اعادہ کیا کہ ایران جنگ میں کسی بھی فریق کا حامی نہیں ہے، اور وہ یوکرین سے بات چیت کے لیے تیار ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم نے یوکرینی حکام پر زور دیا ہے کہ اگر روس کی جانب سے یوکرین کی جنگ میں ایرانی ڈرونز کے استعمال کے ثبوت ہیں تو وہ ہمیں پیش کریں۔