69

عالیہ بھٹ سے شادی سے قبل رنبیر کپور کا افیئر کن اداکاراؤں کے ساتھ رہا؟

عالیہ بھٹ سے شادی سے قبل انڈین فلم انڈسٹری بالی وڈ کے اداکار رنبیر کپور کے متعدد اداکاراؤں کے ساتھ افیئرز رہے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق رنبیر کپور طویل عرصے تک اپنے افیئرز کی وجہ سے بھی خبروں میں رہے۔
عالیہ بھٹ سے دوستی اور شادی سے قبل ان کا نام کئی مشہور اداکاراؤں کے ساتھ تعلق کی وجہ سے خبروں میں رہا جن میں دیپکا پاڈوکون، نرگس فخری اور کترینہ کیف بھی شامل ہیں۔
فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے سے قبل رنبیر کپور کا نام ان کی کالج فیلو ایونتیکا ملک کے ساتھ بھی لیا جاتا رہا جنہوں نے بعد ازاں عامر خان کے بھانجے اداکار عمران خان سے شادی کرلی تھی۔
ایک وقت ایسا بھی تھا کہ رنبیر کپور کے فیشن ڈیزائنر نندیتا مہتانی کے ساتھ تعلق کی خبریں اخبارات میں نمایاں طور پر شائع ہوتی رہیں اور اس کی وجہ دونوں کی عمروں میں بڑا فرق سمجھا جاتا تھا۔
فلم ’سانوریا‘ میں ایک ساتھ کام کرنے کے بعد رنبیر کپور اور سونم کپور کے افیئر کی خبریں سامنے آئیں۔
ایک ٹی وی ٹاک شو میں سونم کپور نے اس حوالے سے بات کی اور بریک اپ پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔
دیپکا پاڈوکون کے ساتھ رنبیر کپور کا افیئر بہت زیادہ شہرت اختیار کرگیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق دونوں ایک دوسرے کی محبت میں ’بچنا اے حسینو‘ فلم کے سیٹ پر گرفتار ہوئے۔
دیپکا پاڈوکون نے اپنی گردن کے ایک طرف ’آر کے‘ کا ٹیٹو بھی کھدوایا تھا مگر بعد ازاں یہ تعلق ختم ہوا اور اب دونوں میں دوستی ہے۔
اداکارہ نرگس فخری نے بالی وڈ میں فلم ’راک سٹار‘ کے ذریعے قدم رکھا جس میں ان کے ساتھ ہیرو رنبیر کپور تھے۔ نرگس فخری نے  بعد ازاں رنبیر کی والدہ نیتو کپور کے ساتھ بھی دوستی کرلی۔
دونوں کو متعدد جگہوں پر ایک دوسرے کے ساتھ دیکھا گیا تاہم کسی نے بھی اس حوالے سے کسی تعلق کی کبھی تصدیق نہ کی۔
رنبیر کپور کی اداکارہ کترینہ کیف کے ساتھ افیئر کی افواہیں اس وقت گرم ہوئیں جب دونوں فلم ’عجب پریم کی غضب کہانی‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔
اس دوران کترینہ نے کپور خاندان کی جانب سے کرسمس لنچ میں بھی شرکت کی تاہم دونوں کا تعلق آگے نہ بڑھ سکا اور فلم ’جگا جاسوس‘ کی شوٹنگ کے دوران یہ ٹوٹ گیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس کترینہ کیف نے وکی کوشل سے شادی کرلی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں